9 اگست 2014 - 16:54
کراچی میں علامہ طالب جوہری کے داماد کا قاتل گرفتار

پاکستان کے صنعتی شہر کراچی میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے اور اس بار پولیس نے دو ٹارگٹ کلرز سمیت چالیس ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ و دیگر سامان برآمد کرلیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ پاکستان کے صنعتی شہر کراچی میں  دہشتگردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے اور اس بار پولیس نے دو ٹارگٹ کلرز سمیت چالیس ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ و دیگر سامان برآمد کرلیا ہے۔ کراچی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق ان گرفتار ٹارگٹ کلرز میں سے ایک چالیس افراد کے قتل میں ملوث عامر نامی دہشتگرد ہے جس کا تعلق کالعدم جماعت سے ہے۔ پولیس کے مطابق عامر نامی یہ دہشتگرد علامہ طالب جوہری کے داماد مبارک رضا کاظمی کے قتل سمیت چالیس افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے جبکہ ایک اور ٹارگٹ کلر فرخ نے کے بی آر سوسائٹی میں پاک بحریہ کے سابق ملازم سلیم کو ذبح کرنے کے بعد اس کا سر سہراب گوٹھ پل پر لٹکادیا تھا۔ اسی دوران شہر کے کئی علاقوں میں پولیس اور رینجرز کی مختلف کاروائیوں میں سے ایک میں مبینہ مقابلے کے بعد گینگ وار کارندہ ہلاک اور ایک ملزم گرفتار کرلیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق پولیس اور رینجرز اہلکاروں نے رات گئے لیاری کے علاقے کھڈہ مارکیٹ میں کارروائی کی، اس دوران مبینہ مقابلے کے بعد لیاری گینگ کا کارندہ اشفاق دادا ہلاک ہو گیا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم سنگین جرائم کی وارداتوں میں ملوث تھا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲